بغداد: عراق کے شمالی صوبے کرکک میں فضائی حملوں میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے آٹھ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ عراقی فوج نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ سے وابستہ ایک میڈیا آؤٹ لیٹ سیکیورٹی میڈیا سیل کے ایک بیان کے مطابق، عراقی فورسز نے انٹیلی جنس رپورٹس پر کارروائی کرتے ہوئے پیر کو کرکک کے جنوب میں حمرین پہاڑی سلسلے میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر چار فضائی حملے کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو عراقی فوج اور انٹیلی جنس فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے بمباری کی جگہ کی تلاشی لی اور آٹھ عسکریت پسندوں کی لاشیں برآمد کیں۔
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں آئی ایس کے کئی رہنما بھی شامل ہیں، جن کے ناموں اور دیگر تفصیلات کا اعلان ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔
اس میں کہا گیا کہ مشترکہ فورس نے بم دھماکے کی جگہ سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، رسد کا سامان اور مواصلاتی سامان بھی برآمد کیا۔
واضح رہے کہ 2017 میں آئی ایس کی شکست کے بعد عراق میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، آئی ایس کی باقی ماندہ ارکان شہری مراکز، صحراؤں اور ناہموار علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف گوریلا حملے کررہے ہیں۔
یو این آئی