سری نگر: نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ این سی نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سرچشمہ مانا ہے اور سرداری عوام کا حق کے اصول پر قائم و دائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی جیت بھی عوامی تعاون اور اشتراک کا ہی ثمر ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے نیشنل کانفرنس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔ لوگوں نے اپنی آبائی جماعت پر پھر ایک بار بھروسہ اور اعتماد جتلایا ہے کیونکہ یہی ایک ایسی جماعت ہے جو لوگوں کو گذشتہ10سال سے جاری سخت ترین مسائل و مشکلات سے نجات دلا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ عمر عبداللہ کی سربراہی والی عوامی حکومت ہر سطح پر عوام کو راحت پہنچائے گئے اور عوامی اہمیت کے حامل معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ڈاکٹر کمال کے مطابق گذشتہ10سال خصوصا2019کے بعد نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کی کوئی کثر باقی نہیں چھوڑی گئی، ہر ایک حربہ اپنایا گیا لیکن جموں وکشمیر کے عوام نے دشمنوں کے تمام عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی اس آبائی جماعت کو سخت ترین چیلنجوں کے بیچ سُرخ رو کیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نئی حکومت کو بھر پور تعاون اور اشتراک فراہم کریں کیونکہ عوام اور حکومت کے درمیان تال میل سے ہی بہتر حکمرانی ممکن ہے۔
ڈاکٹر کمال نے پارٹی سے وابستہ عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں اور ان کا سدباب کرانے کیلئے پر بھر پور کوشش کریں۔
یو این آئی