سری نگر:نیشنل کانفرنس نے گریزمیں بھاجپا ورکروں کی طرف سے نیشنل کانفرنس کے کارکنان اور مقامی ممبر اسمبلی نذیر احمد خان پر جان لیوا حملہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور خاطیوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھاجپا ورکروں نے نیشنل کانفرنس کے ورکروں اور سینئر لیڈر و مقامی ایم ایل اے کو اُس وقت نشانہ بنایا جب نیشنل کانفرنس کی ریلی گرجن پہنچی۔
انہوںنے کہاکہ بھاجپا ورکروں کی طرف سے کئے گئے اس منظم حملے کی تحقیقات ہونی چاہئے اور ملوثین کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے بہت سارے کارکن زخمی ہوئے اور 3کو شدید زخمی حالت میں سرینگر بھی منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ زخمی افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔
ترجمان نے کہاکہ یہ حملہ اُس وقت کیاگیا جب نیشنل کانفرنس اسمبلی ممبر اور کارکنوں ووٹروں کا شکریہ ادا کررہے تھے اور الیکشن میں ہار سے بوکھلاہٹ کے شکار بی جے پی ورکروں نے پتھر بازی سے بھی گریز نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت الیکشن لڑنے کا حصہ ہوتا ہے لیکن بوکھلاہٹ اور تشدد پر آمدہ ہوجانا سریحاً غیر قانونی اور غیر جمہوری عمل ہے۔ نیشنل کانفرنس نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ عمر عبداللہ کی حکومت اُن لوگوں کی بھی برابر نمائندگی کرےگی جنہوں نے نیشنل کانفرنس کو ووٹ نہیں دیا ہے۔
واضح رہے کہ گریز میں ممبر اسمبلی نذیر گریزی کی ریلی پر پتھراو کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد این سی کارکن زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گریز کے گجران میں عوامی ریلی کے دوران ہجوم نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کے شیشے چکنا چور کئے گئے ۔
انہوں نے کہاکہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے تین کو نازک حالت میں سری نگر ریفر کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثنا ممبر اسمبلی نذیر احمد خان نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنوں نے ریلی پر پتھراو کیاجس کے نتیجے میں این سی کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم بی جے پی لیڈر اعجاز احمد خان نے نذیر گریزی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے پتھراو کیا اور گاوں والوں کو تشدد کے لئے اکسایا۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کی جانب سے پتھراو کے نتیجے میں بی جے پی کے کئی کارکن زخمی ہوئے جبکہ رہائشی مکانوں کے شیشے بھی چکنا چور کئے گئے ہیں۔
یو این آئی