سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے منگل کے روز غیر مقامی مزدوروں کو وادی چھوڑنے کے بارے میں حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کو بے بنیاد قرار دیا۔گاندربل پو لیس نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا:”سوشل میڈیا میں حالیہ پوسٹ جس میں غیر مقامی مزدوروں کو وادی چھوڑنے کے لئے کہا جا رہا ہے، بالکل بے بنیاد ہے۔ جموں و کشمیر پولیس اپنی روزی روٹی کمانے کے خواہشمند تمام افراد کے لیے تحفظ اور سلامتیکے احساس کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔“
یاد رہے کہ پی ڈی پی صدر ، محبوبہ مفتی نے ان رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ مقامی انتظامیہ سو نہ مرگ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر غیر مقامی مزدوروں پر جموں و کشمیر چھوڑنے کے لیے دباو¿ ڈال رہی ہے‘۔اس افسوسناک واقعہ میں مقامی ڈاکٹر سمیت سات افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہوئے۔
ایکس پوسٹ میں محبوبہ مفتی نے لکھا تھا،” سونہ مرگ میں وحشیانہ حملے کے بعد اطلاعات ہیں کہ مقامی انتظامیہ غیر مقامی مزدوروں پر فوری طور پر وادی چھوڑنے کے لیے دباو¿ ڈال رہی ہے۔ اگرچہ میں ان کے گھبراہٹ کے واضح احساس کو سمجھتی ہوں لیکن انہیں اس انداز میں جانے کے لیے کہنا کوئی حل نہیں ہے۔یہ اقدام مزید مشکلات پیدا کرے گا اور ملک کو ایک بہت برا پیغام جائے گا۔ جموں و کشمیر نے حال ہی میں پرامن دہشت گردی سے پاک انتخابات کا مشاہدہ کیا اور یہ گھٹنے ٹیکنے والا ردعمل ہی ثابت ہو گا۔“
انہوں نے مزید لکھا ،”دوسری ریاستوں میں کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے والے کشمیریوں کے خلاف بھی غم و غصہ پیدا ہو سکتا ہے۔ چیف منسٹر،عمرعبداللہ اور لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا سے مداخلت کرنے اور کم از کم انہیں کافی وقت دینے کی درخواست کریں۔‘
اس پوسٹ کے ردِ عمل میں گاندر بل پولیس اپنا رد عمل دیا ۔جموں وکشمیر پولیس کے ترجمان نے گاندر بل پولیس کے اس پوسٹ کو دوباری ایکس کیا اور آئی جی پی کشمیر سے منسوب بیان جاری کیا ،جس میںکہا گیا ہے کہ ”عام لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی غلط معلومات پر توجہ نہ دیں ۔“ترجمان نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور تمام افراد کے لیے ایک محفوظ ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف اور دھمکی کے اپنی روزی روٹی کو آگے بڑھا سکیں۔