سپورٹس ڈیسک
پاکستان نے نعمان علی اور ساجد خان کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ملتان میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 36 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جو روٹ اور اولی پوپ وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کو دن کے آغاز میں ہی پہلی کامیابی مل گئی اور 37 کے مجموعی اسکور پر ساجد خان نے پوپ کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے پویلین رخصت کردیا۔جو روٹ نے ہیری بروک کے ساتھ مل کر اسکور کو 55 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر انگلینڈ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
بروک نے بین اسٹوکس کے ہمراہ اگلے چند اوورز میں برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 78 تک پہنچا دیا لیکن نعمان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو کامیابی دلاتے ہوئے بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا۔جیمی اسمتھ کا بھی وکٹ پر قیام چند گیندوں تک محدود رہا اور چھ رنز بنانے کے بعد وہ بھی نعمان کی گیند پر کپتان شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد بین اسٹوکس کا ساتھ دینے برینڈن کارس آئے اور دونوں نے تیزی سے رنز اسکور کرتے ہوئے اسکور 125 تک پہنچا دیا لیکن نعمان کی ایک گیند پر کریز سے باہر نکل کر چھکا لگانے کی کوشش میں 17 رنز بنانے والے کپتان بین اسٹوکس اسٹمپ ہو گئے
انگلینڈ نے اب تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ہیں اور اسے میچ جیتنے کے لیے مزید 172 رنز درکار ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلا میچ کھیلنے والے کامران غلام کی سنچری اور صائم ایوب کی 77 رنز کی اننگز کی بدولت 366 رنز بنائے تھے۔
جواب میں بین ڈکٹ کی سنچری کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم 291 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان نے ساجد خان کی 7 وکٹوں کی بدولت 75 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔دوسری اننگز میں سلمان علی آغا کی جرات مندانہ نصف سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پاکستان نے 221 رنز بنائے تھے اور پہلی اننگز کی برتری کی بدولت انگلینڈ کو فتح کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تھا۔