نئی دہلی،: حکومت نے مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاؤنس اور پنشنروں کی مہنگائی ریلیف میں تین فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاؤنس میں تین فیصد اضافہ اور پنشنروں کو مہنگائی میں ریلیف یکم جولائی سے نافذالعمل ہوگا۔
ساتویں پے کمیشن کی سفارشات میں منظور شدہ فارمولے کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے سرکاری خزانے پر سالانہ 9448.35 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ بڑھے گا۔
اس فیصلے سے 49 لاکھ 18 ہزار مرکزی حکومت کے ملازمین اور 64 لاکھ 89 ہزار پنشنرز کو فائدہ پہنچے گا۔