سری نگر: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے بدھ کے روز کہا کہ کانگریس پارٹی فی الوقت نئی تشکیل شدہ جموں و کشمیر حکومت میں کسی وزارت میں شامل نہیں ہو رہی ہے کیونکہ بار بار وعدوں کے باوجود ہمارے ریاستی درجے کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’کانگریس پارٹی فی الوقت نئی تشکیل شدہ جموں و کشمیر حکومت میں کسی وزارت میں شامل نہیں ہو رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’کانگریس مرکز سے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا پُر زور مطالبہ کر رہی ہے اور وزیر اعظم نے بھی اپنے جلسوں میں بار بار اس کا وعدہ بھی کیا ہے لیکن اس کے باوجود اب تک ریاستی درجہ بحال نہیں کیا گیا‘۔
مسٹر قرہ نے بیان میں کہا: ’ہم ناخوش ہیں لہذا فی الوقت وزارت میں شامل نہیں ہو رہے ہیں‘۔انہوں نے کہا: ’کانگریس پارٹی جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد جاری رکھے گی‘۔قابل ذکر ہے کہ عمر عبداللہ نے بدھ کو یہاں شیرکشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔