نیوزڈیسک
سرینگر : جھیل ڈل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) میں منعقد حلف برداری تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کے بطور لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا سے حلف لے لیا ۔
اس کے علاوہ 5ممبران اسمبلی جن میں جاوید احمد رینہ ،جاوید ڈار ، ستیش رینا ،سریندر چودھری اور سکینہ ایتو نے یوٹی کابینہ وزیر کے بطور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے عہدے کا حلف لے لیا ۔سریندر چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کے بطور حلف لے لیا ۔
دریں اثنا اس تقریب کے انعقاد کے لئے ایس کے آئی سی سی کے گرد و پیش سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔بتادیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز عمر عبداللہ کوحکومت تشکیل دینے کے لئے باقاعدہ دعوت دی تھی۔
راج بھون سری نگر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک مواصلت میں کہا گیا تھا کہ عمر عبداللہ بدھ کے روز شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
جموں وکشمیر کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے کل 90 سیٹوں میں سے 42 سیٹوں پرجیت درج کی تھی جبکہ الائنس پارٹنر کانگریس نے 6 سیٹیں حاصل کی تھی۔