جموں: سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار کانگریس اور نیشنل کانفرنس الائنس کی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں بشناہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر میں دس برسوں کے بعد اسمبلی الیکشن ہو رہے ہیں پہلے لوگوں کے دلوں کے میں یہی سوال ہے کہ اتنے عرصے کے بعد کیوں الیکشن ہو رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’اس کے بعد ان دس برسوں کے دوران جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرکے یونین ٹریٹری بنا دیا گیا لوگوں کی نوکریاں ، سٹیٹ سبجیکٹ چھین لئے گئے اور بے روز گاری آسمان چھونے لگی‘۔
انہوں نے کہا: ’بی جے پی نے ترقی کا کوئی کام نہیں کیا صرف پرانے پروجیکٹوں کو ہی نئے نام دئے گئے‘۔
مسٹر میر نے کہا: ’لوگ انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح تیسرے مرحلے میں بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس الائنس کی سرکار بن جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ہم خیال اور اچھے امید واروں کو اپنے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔
