جموں وکشمیرکے میدانی علاقوں میں بارش :موسمیاتی ماہرین
سرینگر:حالیہ کئی ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال کے بیچ موسمیاتی ماہرین نے ہفتہ کوشمالی ،جنوبی اور وسطی کشمیر کے علاوہ خطہ پیرپنچال میں اگلے کچھ دنوں کے دوران رواں موسم کی پہلی برفباری ہونے کی پیش گوئی کی ۔جے کے این ایس موسمیاتی ماہرین کے ایک نجی گروپ ’کشمیر ویدر‘نے ایک بیان میں کہاکہ تازہ مغربی ڈسٹربنس کے اشارے 26 ستمبر سے 28 کی رات تک پورے جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے کا قوی امکان ہے۔کشمیر ویدرکے مطابق اس کے زیر اثر میدانی علاقوں میں بارش کی توقع ہے جبکہ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری متوقع ہے۔
موجودہ مشاہدے کے مطابق گلمرگ، سونمرگ، دودھ پتری، سنتھن ٹاپ، سادھنا پاس، پیر کی گلی، رازدان پاس اور وادی گریز کے اونچے علاقوں کے ساتھ ساتھ خطہ پیرپنچال میں رواں موسم کی پہلی برف باری کے زیادہ امکانات ہیں۔’کشمیر ویدر‘نے کہاکہ اس حوالے سے مزید اپڈیٹس یعنی تازہ موسمی صورتحال آنے والے دنوں میں شیئر کی جائیں گی۔یادرہے موسمیاتی مرکز سری نگرنے جمعہ کو کہاتھاکہ رواں ماہ یعنی ستمبر کے آخر تک مجموعی طور پر کوئی اہم موسمی سرگرمی نہیں۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے ایک مختصر بیان میں کہاکہ 20سے25 ستمبرکے دوران الگ تھلگ جگہوں پر ہلکی بارش کے ساتھ عام طور پر خشک موسم رہنے کا قوی امکان ہے۔
تاہم 26اور27ستمبرکو کشمیر اور جموں ڈویڑن کے کئی مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش ہوسکتی ہے۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے مزید کہاکہ 28سے 30 ستمبرکے دوران الگ تھلگ مقامات پرگرج چمک اور بارش کا ایک مختصر سلسلہ ممکن ہے۔مرکز نے تاہم واضح کیاکہ ستمبر کے آخر تک مجموعی طور پر کوئی اہم موسمی سرگرمی نہیں۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے بیان کے آخر میں پیش گوئی کہ26 ستمبر (رات) کے دوران چند اونچائیوں پر ہلکی برفباری کے امکان کے ساتھ الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔