جموں: غیر قانونی لکڑی اسمگلنگ کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں مختلف مقامات پر کھیر لکڑی کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث دو گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن گھروٹا کی ایک ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران مسیدہ کالونی میں ایک سفید رنگ کی اسکارپیو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر DL5CE – 4901 کو رکنے کا اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھتے ہی گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے تقریباً 6 سے 7 کوئینٹل کھیر لکڑی کے گھٹے بر آمد کئے گئے جس کے بعد گاڑی اور ضبط شدہ لکڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا اور اس ضمن میں پولیس اسٹیشن گھروٹا میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کے ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن ڈومانہ کی ایک ٹیم نے معمول کی گشت کے دوران ایک اسکار پیو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر DL3CAK – 0333 کو روکا جس میں تقریباً 3 سے 4 کوئینٹل کھیر کی لکڑی بھری ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر جائے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا تاہم گاڑی اور غیر قانونی لکڑی کو بر سر موقع ہی ضبط کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں معاملات میں مزید کارروائی کے لئے متعلقہ دفعات کے تحت ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) کو مطلع کیا گیا ہے۔





