جموں:مرکزی وزیر داخلہ سخت سیکورٹی کے بیچ جمعے کو دو روزہ دورے پر جموں پہنچے ۔ائر پورٹ پر وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے امیت شاہ کا استقبال کیا۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ جمعہ بعد دوپہر دو روزہ دورے پر جموں وارد ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز اور پارٹی کا منشور بھی جاری کریں گے۔
بھاجپا ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ دورے کے پہلے دن بی جے پی کے سینئر لیڈران کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔ دوسرے دن امیت شاہ بھاجپا لیڈروں کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی تیار کریں گے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جموں صوبے میں ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد بھاجپا کو سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے اور کئی سینئر لیڈران نے پارٹی سے مستعفی ہوکر آزادانہ طورپر چناو لڑنے کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کا جموں دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ناراض لیڈران کو منانے کی خاطر بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دریں اثنا وزیر داخلہ کے جموں دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
یو این آئی نامہ نگار نے بتایا کہ جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے ،جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل
میں لا کر راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں خطے کے سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے۔