ہفتہ, اگست ۳۰, ۲۰۲۵
19.7 C
Srinagar

وادی کشمیر میں موسم میں بہتری واقع، 2 اور 3 ستمبر کو پھر بارشوں کا امکان

سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں دو دنوں کی موسلا دھار بارشوں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 31 اگست اور یکم ستمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کچھ مقامات پر بارشوں کے مختصر مرحلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 2 ستمبر کی شام سے 3 ستمبر کی سہہ پہر تک بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 4 اور 5 ستمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ 6 اور 7 ستمبر کو ایک بار پھر کہیں کہیں مختصر مرحلے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 8 سے 12 ستمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ 2 اور 3 ستمبر کو ممکنہ بھاری بارشوں کے نتیجے میں بعض مقامات پر سیلابی ریلے،مٹی کے تودے گر آنے، زمین کھسکنے اور چٹانیں کھسک آنے کے خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

ایڈوائزری میں ٹریکرز اور سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔
دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 15.6 ملی میٹر اور 6.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں 3.7 ملی میٹر جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں 2.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img