منگل, اپریل ۲۹, ۲۰۲۵
11 C
Srinagar

ایران: حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ قاتلانہ حملے میں ہلاک

فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اسمٰعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد سامنے لائیں گے۔فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسمٰعیل ہنیہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، یہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، جس بدلہ لیں گے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے حماس کے سینیئر ترجمان سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل سے اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا، اور اب مقبوضہ بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ چھڑے گی، اور حماس اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنایا گیا، حملے کے نتیجے میں ان کے ایک محافظ بھی شہید ہوئے، علی الصبح پیش آنے والے واقعے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہیں، البتہ حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ ننے گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی تھی۔یاد رہے کہ رواں سال عیدالفطر کے موقع پر اسرائیلی بمباری کے نیتجے میں اسمٰعیل ہنیہ کے تین بیٹے شہید ہو گئے تھے۔

اسمٰعیل ہنیہ کے تینوں بیٹے ہازم، محمد اور عامر اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ اس دوران غزہ کے الشاتی کیمپ میں ان کی گاڑی پر اسرائیل نے بمباری کی جس سے ان کے تینوں بیٹوں شہید ہوئے تھے۔اسرائیلی فوج کی بمباری میں اسمٰعیل ہنیہ کے 3 بیٹوں کے علاوہ 4 پوتے بھی ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 3 لڑکے اور ایک لڑکی شامل تھی۔

اسمٰیل ہنیہ کون تھے؟

فلسطین کے سابق وزیراعظم اسمٰعیل ہنیہ حماس کے سیاسی سربراہ اور حماس کے پولیٹیکل بیورو کے چیئرمین تھے، 2017 میں انہیں خالد مشعال کی جگہ حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیا گیا۔

اسمٰعیل ہنیہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں رہائش پذیر تھے، جس کی وجہ سے وہ غزہ کی ناکہ بندی کے دوران سفری پابندیوں سے محفوظ تھے، یہی وجہ ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں اہم کردار ادا کررہے تھے، جب کہ وہ حماس کے اتحادی ایران سے بھی بات چیت کررہے تھے۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس کے جنگجوؤں کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد قطر سے الجزیرہ ٹی وی پر اپنے اعلان میں اسمٰعیل ہنیہ نے کہا تھا کہ عرب ریاستوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ معاہدے اس تنازع کو ختم نہیں کریں گے۔

7 اکتوبر 2023 حملہ

اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار پر مبنی اے ایف پی رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو کیے گئے حملے میں ایک ہزار 197 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے، جب کہ حماس کے جنگجوؤں نے 251 افراد کو یرغمال بنایا، جن میں سے 111 اب بھی غزہ میں قید ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک غزہ میں 39 ہزار 400 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جس میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے، جب کہ اسرائیلی جارحیت میں 90 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img