ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
17.7 C
Srinagar

صرف کواڈ اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ انڈو پیسفک آزاد، محفوظ بنا رہے: جے شنکر

ٹوکیو،:  وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے پیر کو کواڈ (ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں کہا کہ صرف کواڈ ممالک کے درمیان تعاون ہی اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ ہند-بحرالکاہل خطہ آزاد، کھلا، محفوظ اور خوشحال بنا رہے۔

مسٹرجے شنکر نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ کواڈ وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ دنیا کی بھلائی کے لیے کواڈ کی وابستگی ہند-بحرالکاہل خطے سے کہیں آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں ممالک (ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا) کی میٹنگ 10 ماہ قبل نیویارک میں ہوئی تھی لیکن درمیانی عرصے کے دوران ان ممالک کے وزراء دوطرفہ طورپر یا دیگر پروگراموں سے الگ ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور ان کے شیرپا بھی مسلسل بات کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، "یہ آسان وقت نہیں ہے "عالمی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا اور ساتھ ہی خطرات کو کم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔”انہوں نے کہا کہ سپلائی چین کی لچک پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ یہ بالکل اسی طرح سے ہے، جیسے ہم قابل اعتماد اور شفاف ڈیجیٹل شراکت داری کے لیے زوردیتے ہیں۔ "ٹیکنالوجی کی ترقی نے بھی غیر معمولی تناسب حاصل کرلیا ہے، جس طرح سے ہم رہتے ہیں، سوچتے ہیں اور کام کرتے ہیں، اس میں بڑے امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا، "ایک طرح سے، ہم دوبارہ عالمگیریت کے درمیان ہیں۔ صرف ہماری اجتماعی کوششیں ہی بین الاقوامی نظام کو انسانوں کی بنائی ہوئی یا قدرتی رکاوٹوں سے بچا سکتی ہیں۔”انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمارے پاس اہم ذمہ داریاں بھی ہیں۔ سیاسی جمہوریت، تکثیری سماج اور بازار معیشتوں کی شکل میں ضوابط پر مبنی نظام کو برقرار رکھنے کا اہم سوال ہے۔”

انہوں نے کہا کہ "صرف ہمارا تعاون ہی اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ ہند-بحرالکاہل کا خطہ آزاد، کھلا، مستحکم، محفوظ اور خوشحال رہے۔” "ہم نے عالمی بھلائی کے لیے جو عزم کیا ہے اس کے اثرات اس خطے سے کہیں زیادہ ہیں۔”انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ چاروں ممالک کے درمیان سیاسی افہام و تفہیم مضبوط ہو، اقتصادی شراکت داری میں اضافہ ہو، تکنیکی تعاون اور عوام کے درمیان آسانی بڑھے۔

مسٹر جے شنکر نے کہا، "ہماری میٹنگ سے یہ واضح پیغام جانا چاہیے کہ کواڈ یہاں رہنے، کام کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے ہے۔” ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن، جاپان کے وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا اور آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ موجود تھے۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img