شوکت ساحل
بانڈی پورہ: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے صدر کوٹ میں ایشیا کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ولر کے کنارے واقع ’سن سیٹ پوائنٹ‘مقامی سیلانیوں اور ملکی وغیر ملکی سیاحوں کے لیے توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ اور ولر کنزر ویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے قائم کیا گیا’ سن سیٹ پوائنٹ ‘ ہر طرح کے سیاحوں اور سیلانیوںکو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے اور سیاحوں کے دل جیت رہا ہے۔
ملک کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی شدید گرمی کی لہر ہے اور لوگ راحت پانے کے لئے پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں ۔لوگ زیادہ ترآبی ذخائر کے فطری نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے ایسے مقامات پر جارہے ہیں ،جہاں قدرت کی شان کافی نرالی ہے ۔ان مقامات میں سے میٹھے پانی کی جھیل ولر کے کنارے واقع ’سن سیٹ پوائنٹ‘ ایک ہے ۔
لداخ کے ایک گروپ میں لوپٹن ٹنڈو نامی سیاح نے ایشین میل کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’کشمیر آکے بہت اچھا لگا ،یہ مقام کافی اچھا ہے ،یہاں پر کافی سکون ہے ،میں لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ کشمیر سیر کرنے کے لئے اچھی جگہ ہے ،سن سیٹ پوائنٹ کا نظارہ انتہائی خوبصورت ہے ،کشمیر اتنا خوبصورت ہے ،اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔‘ اسی گروپ میں شامل ایک لداخی سیاح نے کہا ’ یہ بہت خو بصورت ہے ،یہ جنت ہے ،ولر جھیل کا سن سیٹ پوائنٹ سے نظارہ الگ ہی دنیا میں لے جاتا ہے ۔ولر جھیل کی وجہ سےاس مقام کی شان بڑھ گئی ہے ۔‘
ہر یانہ سے کشمیر کی سیر پر آیا جو ڑا ’ایکتا اور اسکے شوہر ‘ نے کہا ’ہم تیسری مرتبہ کشمیر کی سیر پر ہیں، ہم پہلی بار جھیل ولر کا نظارہ کررہے ہیں ،کافی خوبصورت ہے کشمیر ،اس بار ہم نئی نئی جگہیں دیکھ رہے ہیں ،گریز پہلی بار جارہے ہیں ،ہمارے لئے گریز اور ولر کا نظارہ کسی تحفہ سے کم نہیں ،یہ انتہائی خوب صورت ہے ۔‘
بانڈی پورہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے مہمانوں کو جھیل ولر کا نظارہ منفرد انداز میں پیش کرنا چاہتے تھے،تاکہ ہمارے مہمان ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوں ۔‘ان کا کہناتھا ’سن سیٹ پوائنٹ ‘ نے بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے اور بانڈی پورہ کا یہ نیا پُر کشش مقام ’ سیلفی پوائنٹ بن گیا ہے۔‘مقامی سیلانی ارشد مقبول نے کہا ’میں دوسری بار بانڈی پورہ جا رہا ہوں۔ لیکن اس بار اس سیلفی پوائنٹ نے مجھے بہت حیران کر دیا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں یہاں آیا ہوں اور دوسروں کو بھی ایک بار دیکھنے کا مشورہ دیتا ہوں۔‘
کشمیر کی سب سے بڑی جھیل ولر بانڈی پور میں واقع ہے۔ یہ16 کلومیٹر لمبی اور تقریبا ساڑھے 9 کلومیٹر چوڑی ہے،اس کی گہرائی تقریباً14میٹر(46فٹ)ہے۔سطح سمندر سے یہ جھیل 1580میٹر(5ہزار180فٹ) کی بلندی پر واقع ہے ۔ اس کا شمار ایشیا کی میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیلوں میں ہوتا ہے۔ اس جھیل سے پانی دریائے جہلم میں جاتا ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=K54fOn-9Sjg
جھیل ولر کا نظارہ بہت دلفریب ہے ۔اگر اس کے کنارے پر کھڑا ہو کر نگاہ ڈالی جائے تو پانی ہی پانی دکھائی دیتا ہے ۔گویا یہ ایک چھوٹا سا سمندر ہے ۔اس کے چاروں اطراف پہاڑیاں ہیں اور جھیل کی وسیع صاف وشفاف سطح یوں چمکتی ہے ۔گویا فطرت کی انگوٹھی میں نگینہ جڑا ہے ۔صبح اور شام کے وقت (آفتاب طلوع اور غروب آفتاب)کا منظر خاص طور پر روح پرور اور دلربا ہوتا ہے ۔کشمیرمیں جو سیاح سیر وسیاحت کے لئے آتے ہیں ،وہ دلفریب اور حسین جھیل ولر کو دیکھنے ضرور جاتے ہیں ،جودارالحکومت سرینگر سے لگ بھگ 30میل کی مسافت پر واقع ہے ۔ انتظامیہ نے اس جھیل کو سیاحوں کی دلچسپی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جن میں ’سن سیٹ پوائنٹ ‘ اور بلیوارڈ روڑ پر سڑک کی تعمیر قابل ذکر ہے ۔