پیر, اکتوبر ۱۴, ۲۰۲۴
16.3 C
Srinagar

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 44 فلسطینیوں کی موت

غزہ: غزہ پٹی کے جنوبی، وسطی اور شمالی علاقوں میں منگل کو اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 44 فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک اسرائیلی طیارے نے خان یونس کے مغرب میں المواسی کے العطار علاقے پر بمباری کی جہاں بے گھر خاندانوں کے خیمے آباد تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ خواتین سمیت کئی لاشیں خون میں لت پت زمین پر پڑی تھیں۔ زخمیوں کو اسپتال لے جانے کے لیے شہری گاڑیوں کا استعمال کر رہے تھے۔

غزہ سے تعلق رکھنے والے محکمہ صحت کے حکام نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے المواسی میں بے گھر ہونے والے افراد کے خلاف ہولناک قتل عام کیا، جس میں 17 فلسطینی ہلاک اور 26 زخمی ہوئے۔

اس دورام اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں النصرت پناہ گزین کیمپ میں واقع اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطین رفیوجیز ان دی نیئر ایسٹ ( یو این آر ڈبلیو اے) کے اسکول پر کم از کم ایک راکٹ داغا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے النصرت کیمپ کے جنوب میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کی پناہ گاہ الرازی اسکول پر بمباری کی۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق بغیر وارننگ کے کیے گئے اس فضائی حملے میں اسکول کے کچھ حصے تباہ ہو گئے۔

طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی گولہ باری سے 23 افراد ہلاک اور 73 زخمی ہوئے جنہیں الگ الگ زخموں کے ساتھ اسپتال لے جایا گیا۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ درست انٹیلی جنس کی بنیاد پر اسرائیلی فضائیہ نے نصرت کے علاقے میں یو این آر ڈبلیو اےاسکول میں کام کررہے عسکریت پسندوں پر حملہ کیا۔

اس کے علاوہ آئی ڈی ایف نے مغربی خان یونس میں اسلامی جہاد کے نیول یونٹ میں ایک کمپنی کمانڈر پر حملہ کیا۔

یو این آر ڈبلیو اے نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ پچھلے 10 دنوں میں اس کے پانچ اسکولوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ پناہ گزینوں کی ایجنسی نے کہا کہ ’’اقوام متحدہ کی سہولیات کا ہر وقت تحفظ ہونا چاہیے۔ انہیں کبھی بھی فوجی یا جنگی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ غزہ میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔ غزہ کے لوگ بچے، عورتیں اور مرد ہیں جنہیں زندگی کا حق حاصل ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img