سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں انسانی اسمگلنگ کرنے والے ایک گینگ کا پردہ فاش کرکے چار نابالغ لڑکیوں کا بچا کر دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ معتبر ذرائع سے موصولہ اطلاع پر کارروائی انجام دیتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے اوشکورہ بارہمولہ میں چل رہے ایک انسانی اسمگلنگ ماڈیول کا پر دہ فاش کیا۔
انہوں نے کہا: ‘تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ اوشکورہ سے تعلق رکھنے والا شکیل احمد بٹ نامی ایک شخص اس اسمگلنگ اور بیرون یونین ٹریٹری کی نابالغ لڑکیوں کے استحصال میں ملوث تھا’۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر173/2024 درج کیا گیا اور پولیس کی ایک ٹیم نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔
https://x.com/BaramullaPolice/status/1811652170703413290
انہوں نے کہا کہ اس دوران روہنگیا برما سے تعلق رکھنے والی تین نابالغ لڑکیوں کو باز یاب کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تلاشی کارروائی مجسٹریٹ اور خاتون پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
بیان میں کہا گیا: ‘پوچھ تاچھ کے دوران شکیل احمد نے ایک لڑکی کو معراج احمد تانترے ساکن کانلی باغ کو بیچنے کا اعتراف کیا’۔پولیس ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں معراج احمد کے گھر پر چھاپے کے دوران ایک اور متاثرہ لڑکی کو باز یاب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے دونوں شکیل احمد اور معراج تانترے کو گرفتار کرکے اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی ہیں تاکہ اس میں ملوث مزید مشکوک افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
یو این آئی