جمعہ, ستمبر ۲۰, ۲۰۲۴
24.9 C
Srinagar

چینی دراندازی پر حکومت کی خاموشی خطرناک: پرینکا

نئی دہلی،: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے چین کی دراندازی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہندوستانی سرحد میں گاؤں آباد کردیے ہیں اور تقریباً چار ہزار مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا ہے لیکن مودی حکومت اس معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے مسز واڈرا نے کہا کہ خبر یہ بھی ہے کہ اروناچل پردیش میں اپنی دراندازی کی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے اب چین لداخ کے علاقے میں بھی بنکر بنا رہا ہے۔ چین کی سرحد پر ہمارے گشت کے 65 پوائنٹس تھے جن میں سے 26 پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور اب وہ اپنی عسکری سرگرمیوں کو مزید موثر بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا، "چین نے ہندوستانی علاقے میں اپنے گاؤں بسا لیے ہیں اور بنکر بھی بنا رہا ہے۔ ہندستان کی تقریباً 4000 مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اروناچل پردیش کے 30 مقامات کے ناموں کی فہرست جاری کی۔ ہم نے ایل اے سی پر اپنے 65 پٹرولنگ پوائنٹس میں سے 26 کو کھو دیا ہے۔ میڈیا یہ سب باتیں کہہ رہا ہے اور یہ معلومات عوامی طور پر دستیاب ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اب بھی کہہ رہے ہیں کہ نہ کوئی داخل ہوا تھا اور نہ ہی کوئی داخل ہوا ہے۔ مودی سرکار کس دباؤ میں ہندستان کی سرحدی سلامتی اور سالمیت کے حوالے سے اتنے سمجھوتے کر رہی ہے؟

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بھی ایک دن پہلے چینی مداخلت پر مودی حکومت پر حملہ کیا تھا اور کہا تھا، “چین مشرقی لداخ میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے اور اپنی مذموم سرگرمیوں سے باز نہیں آ رہا ہے۔ اب خبر ہے کہ چین مشرقی لداخ میں پینگونگ جھیل کے نزدیک کھدائی کرکے بنکر تعمیر کر رہا ہے۔ "چین نے یہ بنکر سرجاپ ملٹری بیس کے نزدیک بنائے ہیں، جس پر ہندستان کا دعویٰ رہا ہے۔”

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img