سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے والے پائیدار اور محفوظ شہروں کی تعمیر حکومت کا بنیادی ہدف ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شہری منصوبہ بندی کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے سری نگر کنکلیو سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘انتہائی موسمی واقعات، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور مستقبل کے محفوظ شہروں کے لئے لچکدار شہری منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کرنا بہت ضروری ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘پائیدار، جامع، لچکدار اور محفوظ شہروں جو لوگوں کی ضروریات کو پورا کرتے ہوں اور اقتصادی، سماجی اور موسمیاتی چلینجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، کی تعمیر ہمارا بنیادی مقصد ہے’۔
منوج سنہا نے کہا کہ شہری صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے متعلقین اور کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر ملک کی ترقی کے انجن ہیں اور شہریوں کے خوابوں اور امنگوں کی تکمیل میں بھی کلیدی کر دار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی شہر کاری بڑھتی ہوئی خواہش کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری منصوبہ بندی کو پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر اور رہائشیوں کو خوشحال بنانے کے قابل بنانا چاہئے۔