جموں وکشمیر پولیس کوجدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے :پولیس سربراہ آر آر سوین

جموں وکشمیر پولیس کوجدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے :پولیس سربراہ آر آر سوین

جموں:جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے جمعے کے روز کہاکہ یونین ٹریٹری میں پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے پاس اس وقت اسرائیلی اورجرمنی ساخت کے ہتھیار ہیں اور دہشت گردی کو اب کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم نہیں کریں گے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک جموں وکشمیر پولیس کا تعلق ہے کہ تو میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پولیس کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی ہے۔
پولیس سربراہ نے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں کہا کہ ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ہم اس وقت پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردوں کو جواب دے رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد نقصان تو پہنچا سکتے ہیں لیکن وہ پولیس فورس کے عزائم کو شکست نہیں دے سکتے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کی جیت یقینی ہے۔
پولیس سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حملوں کے بعد جموں صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو کامیابیاں ملی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اس وقت ہمارے پاس اسرائیلی اور جرمنی ساخت کے ہتھیار بھی دستیاب ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.