سری نگر: شری امرناتھ جی یاترا کے لئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے زائد از چار ہزار یاتریوں کا پہلا جھتہ سخت سیکورٹی حصار کے بیچ کشمیر پہنچا۔
قاضی گنڈ میں نویوگ ٹنل پر ضلع مجسٹریٹ کولگام اطہر عامر خان، پولیس کے اعلیٰ افسروں، سول سوسائٹی تنظیموں، ٹریڈ یونینوں کے سربراہوں نے یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ کولگام اطہر عامر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘یاتریوں کے پہلے جتھے کا یہاں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کے حوالے سے یہاں لوگوں اور یاتریوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے جو ایک اچھی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘یاتریوں کا استقبال کرنا میرے لئے ایک افتخار اور عزت کی بات ہے’۔
انتظامات کے حوالے سے موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کو جھنڈی دکھا کر کشمیر کے لئے روانہ کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ یاتری 231 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں بالتل اور ننون پہلگام بیس کیموں پر پہنچ گئے۔
ملک کے گوشہ و کنار سے تعلق رکھنے والے یہ یاتری بالتال تک 14.5 کلومیٹر طویل اور چندن واڑی تک 32 کلومیٹر طویل ٹریک طے کرنے کے بعد13,000 فٹ کی بلندی پر واقع مقدس شری امرناتھ غار تک پہنچ سکیں گے اور وہاں 29 جون کو بابا برفانی کے درشن کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے کی ایک نشانی ہے۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے یاترا راستوں پر ہر ایک جگہ اپنے اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
اس کے علاوہ جگہ جگہ پر پولیس ہیلپ لائن نمبرات والے بینرس آویزاں کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امسال یاتریوں کے تحفظ کے لئے ان کی گاڑیوں میں ٹریکنگ چپس نصب کئے گئے ہیں۔
یو این آئی-