شری امرناتھ یاترا: یاتریوں کا پہلا جتھہ جموں بیس کیمپ سے روانہ، منوج سنہا نے دکھائی جھنڈی

شری امرناتھ یاترا: یاتریوں کا پہلا جتھہ جموں بیس کیمپ سے روانہ، منوج سنہا نے دکھائی جھنڈی

جموں: شری امرناتھ جی کے یاتریوں کا پہلا جتھہ جمعہ کی صبح یہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ کشمیر کے لئے روانہ کیا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاتریوں کے پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اس موقع پر ممتماز روحانی پیشوا، مذہبی تنظیموں کے سربراہان، عوامی نمائندے، سول و پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران،شرائن بورڈ کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں ممتاز شہری موجود تھے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے محفوظ، با برکت اور روحانی طور پر بھر پور سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا: ‘با با امرناتھ جی یاترا کے آشیرواد سے ہر ایک کی زندگی میں امن، خوشی اور خوشحالی آئے’۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بم بم بولے کے نعروں کی گونج میں 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں پر مشتمل پہلا جھتہ 231 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت حفاظتی بندوبست کے بیچ پوتر گھپا کے درشن کے لئے روانہ ہوا۔

منوج سنہا نے پہلے جتھے کو روانہ کرنے کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘شری امرناتھ جی یاتریوں کا پہلا جتھہ جموں کے بیس کیمپ سے روانہ ہوا’۔

انہوں نے کہا: ‘گذشتہ تین چار برسوں سے یاتریوں کے لئے کافی انتظامات کئے جاتے ہیں اور امسال بھی انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات کئے ہیں اور سیکورٹی کا بھی کڑی بندو بست کیا گیا ہے’۔

دریں اثنا یاترا کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں یاتری جموں پہنچے ہیں۔بی جے پی لیڈر دویندر سنگھ رانا نے بتایا: ‘امید ہے کہ بھولے شنکر کی مہربانی سے اس سال کی یاترا خوشی و خوشحالی کی نوید لائے گی اور یہ یاتریوں کے لئے ایک اچھا تجربہ ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔

پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے کی ایک نشانی ہے۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے یاترا راستوں پر ہر ایک جگہ اپنے اہلکار تعینات کردیے ہیں۔اس کے علاوہ جگہ جگہ پر پولیس ہیلف لائن نمبرات والے بینرس آویزاں کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امسال یاتریوں کے تحفظ کے لئے ان کی گاڑیوں میں ٹریکنگ چپس نصب کئے جائیں گے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.