دہشت گردی کو نیست و نابود کرکے ہی دم لیں گے:پولیس سربراہ آر آر سوین

دہشت گردی کو نیست و نابود کرکے ہی دم لیں گے:پولیس سربراہ آر آر سوین

جموں:جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوئن نے جمعرات کے روز کہا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خو ش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یاتریوں کی حفاظت کی خاطر ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا :’دہشت گردی آخری سانسیں گن رہی ہیں اور عوام کے ساتھ مل کر اس سے جڑ سے اکھاڑ پھینک کر ہی دم لیں گے۔‘

ان باتوں کا اظہار موصوف نے رام بن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

پولیس سربراہ نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ سیول انتظامیہ نے بھی تیاریاں مکمل کیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھگوتی نگر سے لے کر پہلگام اور بالہ تل تک سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

ان کے مطابق یاترا گاڑیوں کی نقل و حمل کے دوران عوام الناس کو ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا ہمیں اس بات کی پوری علمیت ہے کہ عوام کو اس دوران دقتوں کا سامناکرناپڑسکتا ہے لیکن یاتریوں کی حفاظت کے لئے ایسا کرنا ضروری بن گیا ہے۔

ڈوڈہ تصادم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہر حال میں جنگ جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا :’تین دہشت گردوں کی ہلاکت بہت بڑی کامیابی ہے۔ ‘

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کو اب کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ مل کر ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت جائیں گے ۔

اس سے قبل پولیس سربراہ نے رام بن میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال اور جموں سری نگر شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

پولیس چیف نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ امر ناتھ یاترا کے دوران سری نگر جموں شاہراہ پر چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق یاترا گاڑیوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے کی خاطر ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.