جمعہ, ستمبر ۲۰, ۲۰۲۴
24.9 C
Srinagar

جموں خطے میں 6 سے 7 جنگجو گروپ سرگرم ہیں:اے ڈی جی پی جموں

جموں:  ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) زون جموں آنند جین کا کہنا ہے کہ جموں خطے میں 6 سے 7 جنگجو گروپ سرگرم ہیں جن میں سے 3 سے 4 گروپ ضلع ڈوڈہ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں بدھ کے روز انکائونٹر کے دوران ہلاک ہونے والے جنگجوئوں نے حال ہی میں در اندازی کی تھی۔
موصوف اے ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو ڈوڈہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد ہم نے اس علاقے میں 12 جون کے آس پاس تلاشی آپریشن شروع کیا تھا اور اس دوران گولیوں کے تبادلے کے دوران ہمارا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا تھا’۔ان کا کہنا تھا: ‘بعد ازاں علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن جاری رکھا تھا’۔
مسٹر جین نے کہا کہ بدھ کی صبح دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں ایک اور اطلاع ملی تو علاقے کو محاصرے میں لے کر تین دہشت گردوں کو مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوئی جس کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کو کس نے مدد کی ہے اس سلسلے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں تین دہشت گردوں کی ہلاکت ایک بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس سے لوگوں کو راحت کی سانس نصیب ہوگی۔
جموں میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں اے ڈی جی پی نے کہا کہ ڈوڈہ میں 3 سے 4 دہشت گرد گروپ موجود ہیں جبکہ جموں خطے میں کل ملا کر 6 سے 7 دہشت گرد گروپ سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع پیکیج کو دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے لوگوں سے مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ہماری مدد کریں تاکہ ان کی نشاندہی کی جا سکے جو دہشت گردوں کی مدد کر رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔مہلوکین سے اسلحہ بر آمد ہونے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے 2 ایم فور، ایک اے کے 47 رائفل اور گرینیڈ وغیرہ بر آمد کئے گئے۔
شری امرناتھ جی یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر جین نے کہا کہ اس سلسلے میں سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔اس موقع پر موجود اس فوجی افسر نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے پر فوج نے پولیس کے ساتھ مل کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مربوط آپریشن تھا جس کی وجہ سے ہم تین دہشت گردوں کو مارنے میں کامیاب ہوئے۔ان کا کہنا تھا: ‘مقامی لوگ ہماری بھر پور مدد کر رہے ہیں اور اطلاعات فراہم کر رہے ہیں’۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے گندوہ علاقے میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین عدم شناخت جنگجو مارے گئے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img