عالمی یوگا دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام ہورہا ہے اور اس حوالے سے ماہرین ’یوگا‘ نہ صرف لوگوں کو یوگا کے حوالے سے جانکاری فراہم کرتے ہیں بلکہ اس کے فوائد سے متعلق بھی بچوں ،جوانوں اور عورتوں کو باخبر کرتے ہیں ۔جموں کشمیر خاصکر وادی میں یہ دن اس لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل مانا جاتا ہے کیونکہ اس بار ملک کے وزیر اعظم نریندرا مودی شہر ہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے لگ بھگ 7000لوگوں کے ساتھ یہ دن آج یعنی جمعہ کو منائیں گے اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کر یں گے۔تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بننے کے بعد نریندرا مودی کا یہ پہلا دورہ وادی ہے ،اس لئے سیکیورٹی کے زبر دست بندوبست کئے گئے ہیں۔جگہ جگہ پر سیکیورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
وزیر اعظم اگر چہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اس دوران افتتاح بھی کریں گے ،تاہم بنیادی طور وزیر اعظم منعقدہ یوگا تقریب میں شرکت کر کے عام لوگوں کو اس خاص مسئلے کے بارے میں آگاہ کریں گے۔یوگا کا جہاں تک تعلق ہے یہ انسانی صحت کے لئے کافی زیادہ فائدہ مند کسرت(ورزش) سے مانا جاتا ہے جس سے انسان کی صحت نہ صرف تندرست رہتی ہے بلکہ اس کے کرنے سے انسان کو ذہنی سکون وتسکین بھی مل جاتی ہے۔دنیا میں لاکھوں ،کروڈوں لوگ ایسے ہیں، جن کے پاس بے شمار دولت ،نام اور مقام ہے لیکن ذہنی طور وہ کمزور ہیں، انہیں زندگی میں سکون میسر نہیں ہے۔
انسانی صحت کے لئے کسرت (ورزش)کرنا بے حد لازمی ہے ،جو وادی میں بہت ہی کم لوگ کرتے ہیں ۔مختلف فضول کاموں میں یہاں کے لوگ وقت صرف کرتے ہیں لیکن اس کام کے لئے وہ وقت نہیں نکال پارہے ہیں۔وادی ویسے بھی ایک سرد جگہ ہے، جہاں لوگوں کے کھانے پینے کا طریقہ بھی منفرد ہے ۔یہاں لوگ بہت زیادہ گوشت کا استعمال کرتے ہیں ،لذیز پکوان کھاتے ہیں مگر سردی کی وجہ سے اُن کے بدن سے پسینہ نہیں نکلتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے اند ر مختلف بیماریاںجنم لیتی ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق کل آبادی کا 70فیصد لوگ ادویات پر انحصار کرتے ہیں ۔شوگر،بلڈ پریشر،ہڈیوں اور جوڑوں کا درد عام پایا جاتا ہے۔شہری آبادی کی نسبت دیہاتیوںکی صحت اچھی ہوتی ہے، اُن کی عمربھی لمبی ہوتی ہے کیونکہ وہ دن بھر ایسے کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کے بدن سے پسینہ خارج ہوتا ہے۔بہر حال وادی کے اسپتالوں اور ڈاکٹر وں کے نجی کلنکوں پر مریضوں کی قطاریں صبح شام دیکھنے کو ملتی ہیں۔لوگ اتنی زیادہ ادویات کا استعمال کرتے ہیں کہ وہ ایک بیماری کا علاج کرتے کرتے درجنوں بیماریوں میں مبتلاءہو رہے ہیں کیونکہ ان ادویات کے کھانے سے ان کے بدن کے دیگر اعضاءبھی خراب ہوتے ہیں ۔وادی میں لوگوں کی اچھی صحت کے لئے کسرت (ورزش)کرنے کی بے حد ضرورت ہے ۔جس کا پیغام وزیر اعظم دینے کے لئے آئے ہیں ،لہٰذا ہر ایک کو اچھی صحت کے لئے یوگا کراناچاہیے ۔