اننت ناگ میں دہشت گرد معاون کا دو منزلہ رہائشی مکان قرق: پولیس

اننت ناگ میں دہشت گرد معاون کا دو منزلہ رہائشی مکان قرق: پولیس

سری نگر:جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک جنگجومعاون کے دومنزلہ رہائشی مکان کو منسلک کر دیا۔
جنگجو معاون کی شناخت ریاض احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن لوہر سنزی گڈول کے طور پر کی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے ریاض احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن لوہر سنزی گڈول نامی ایک دہشت گرد معاون کے دو منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا’۔
انہوں نے کہا کہ رہائشی مکان قرق کرنے کی یہ کارروائی صوبائی کمشنر کشمیر سے تصدیق حاصل ہونے کے بعد یو اے پی اے 1967 کے تحت انجام دی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مکان کے متعلق پولیس اسٹیشن کوکرناگ میں یو اے پی اے کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر نمبر 109/2023درج ہے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ کارروائی اننت اگ پولیس کے دہشت گردی سے نمٹنے اور ان مذموم سرگرمیوں کو فعال کرنے والے سپورٹ سسٹم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے’۔
بیان میں کہا گیا: ‘حکام دہشت گردوں کے معاونین کے اثاثوں کو نشانہ بنا کر دہشت گرد کارروائیوں کو فنڈ اور سہولیات فراہم کرنے والوں کی صلاحیتوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.