جموں:جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں منگل کی صبح سلال ہائیڈرو بجلی ڈیم کے فلڈ گیٹ کھول دئے گئے جس سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔
حکام نے اس سلسلے میں ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے ڈیم کے نزدیک جانے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاسی میں منگل کی صبح 7 بجے سلال ہائیڈرو بجلی ڈیم کے فلڈ گیٹ کو کھول دئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔
ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ ہائی فلو سیزن شروع ہوچکا ہے اور گذشتہ تین دنوں سے ہم نے مشاہدہ کیا پانی کا بہائو بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے منگل کی صبح 7 بجے ڈیم کے فلڈ گیٹ کھول دئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں یونین ٹریٹری انتظامیہ کو بھی مطلع کیا گیا اور ایک ایڈوئزری بھی جاری کی گئی جس میں لوگوں سے ڈیم کے کناروں کے نزدیک جانے سے گریز کرنے کی صلاح دی گئی تاکہ ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بن سکے۔