کشمیر میں رام نوامی کا تہوار تزک و احتشام سے منایا گیا، سری نگر میں شوبا یاترا بر آمد

کشمیر میں رام نوامی کا تہوار تزک و احتشام سے منایا گیا، سری نگر میں شوبا یاترا بر آمد

سری نگر: ملک کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی بدھ کے روز رام نوامی کا مقدس تہوار مذہبی تزک و احتشام سے منایا گیا۔
اس موقع پر وادی بھر کے مندروں میں دن بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔ اور وہاں پوجا پاٹ کی تقریبوں میں شرکت کی۔
تہوار کے سلسلے میں شہر خاص کے گنپت یار ٹینکی پورہ مندر سے مذہبی نعروں اور بھجن کی گونج میں شوبا یاترا نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں جیسے حبہ کدل، بربر شاہ، ریگل چوک سے ہوتے ہوئے لالچوک پہنچی۔
اس یاترا میں کشمیری پنڈتوں کے علاوہ غیر مقامی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایک غیر مقامی عقیدت مند نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت ہی بڑا دن ہے کیونکہ یہ بھگوان رام کا جنم دن ہے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ دن خوشی اور سچائی کا پیغام دیتا ہے اور برائی کے خاتمے کے لئے حوصلہ دیتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کسی خاص مذہب کے لئے مخصوص نہیں ہے بلکہ تمام لوگوں کے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ اوتار یا پیغمبر ہر اچھے انسان کا گرو ہوتا ہے۔
ایک غیر مقامی خاتون عیقدت مند نے کہا: ‘میں ہر سال یہاں شوبا یاترا میں شرکت کرتی ہوں، اس یاترا میں شرکت کرنے سے مجھے سکون ملتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘یاترا کے لئے جہاں انتظامیہ نے بھر پور انتظامات کئے یوتے ہیں وہیں یہاں کے لوگ بھی اس کا انتہائی احترام کرتے ہیں جو یہاں کے آپسی بھائی چارے کی زندہ مثال ہے’۔
ایک کشمیر پنڈت نے بتایا کہ مندروں میں پوجا پاٹ کے دوران ملک خاص طور پر کشمیر کی تعمیر و ترقی اور امن و آشتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مقدس دن پر یہاں لوگ بلا لحاظ مذہب خوشی مناتے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں میں بھی یہ تہوار جوش و خروش سے منایا گیا اور مندورں میں دن بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام نوامی کے مقدس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا:’بھگوان رام کی زندگی ہمیں راست بازی اور لوگوں کی بے لوث خدمت کرنے کی ترغیب دیتی ہے’۔
ملک میں یہ تہوار بھگوان شو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.