سری نگر میں کشتی الٹنے کا واقعہ: 5 بچوں سمیت 6 افراد کی موت، 2 بچوں سمیت 3 افراد ہنوز لاپتہ، بچائو آپریشن جاری

سری نگر میں کشتی الٹنے کا واقعہ: 5 بچوں سمیت 6 افراد کی موت، 2 بچوں سمیت 3 افراد ہنوز لاپتہ، بچائو آپریشن جاری

سری نگر: سری نگر کے بٹوارہ گنڈ بل علاقے میں دریائے جہلم میں منگل کی صبح ایک کشتی الٹنے کے ایک قیامت خیز واقعے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 2 بچوں سمیت 3 افراد ہنوز لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر بچائو آپریشن جاری ہے۔
ضلع مسجٹریٹ سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جائے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بٹوارہ گنڈ تل علاقے میں منگل کی صبح قریب آٹھ بجے ایک کشتی کے دریائے جہلم میں الٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی ایس ڈی آر ایف،فوج، پولیس، مقامی لوگوں اور دیگر ایجنسیوں نے وسیع پیمانے پر بچائو آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کشتی میں 15 افراد سوار تھے جن میں 7 بچے اور باقی بڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 12 افراد کو ریسکیو کیا گیا، 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران جائے واردات پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے دودھ ناتھ نامی ایک شخص، جو واقعہ پیش آنے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھا، نے بتایا کہ اس نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر تین افراد کو بچالیا۔
انہوں نے کہا کہ کشتی کا دریا پار کرنے کے لئے ایک رسی کا استعمال کیا جاتا تھا جو اچانک ٹوٹ گئی اور کشتی ایک لوہے کے پلر سے ٹکرا کر دو حصوں میں ٹوٹ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشتی میں سوار لوگ مدد کے لئے چلا رہے تھے۔واقعہ پیش آںے کے بعد علاقے میں ماتم کا ماحول سایہ فگن ہوا اور ہر سو آہ و فغان کی صدائیں بلند ہوئیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہاں زیر تعمیر پل برسوں سے تشنہ تکمیل ہونے کی وجہ سے ایسا حادثہ پیش آیا ہے۔بتادیں کہ گذشتہ دنوں سے ہو رہی موسلا دھار بارشوں کے باعث دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیںنٹ گورنر منوج سنہا، سابق وزرائے اعلیٰ اور دیگر لیڈروں نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.