سعودی عرب میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر بدھ کو ہوگی

سعودی عرب میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر بدھ کو ہوگی
مانیٹرنگ ڈیسک

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں یکم شوال 1445ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اعلی عدالتی کونسل کا اجلاس ہوا جس کے بعد حرمین انفو کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا۔اس میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مملکت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔

متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔متحدہ عرب امارات میں بھی آج30 واں روزہ رکھا جائے گا اور 10 اپریل کو عید منائی جائےگی۔

قطر میں بھی چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں بھی بدھ کو عید منائی جائے گی۔ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کردیاگیا۔

آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے آج اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ 8 اپریل کو کوئی بھی شخص شوال کا چاند دیکھے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دے، عدالت جانے میں مدد کے لیے لوگ اپنے قریبی مرکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی شہریوں سے چاند دیکھنے اور شہادتیں متعلقہ اتھارٹی تک پہنچانے کی اپیل کی تھی۔سعودی ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ممکنہ طور پر 10 اپریل کو سعودی عرب میں عید الفطر ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.