اننت ناگ :جنوبی ضلع اننت ناگ کے سنگم علاقے میں پیر کی شام نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار سالہ بچی کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ چار دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی شام ڈونی پورہ سنگم میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک تھار گاڑی اورٹرک کے مابین زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے چار سالہ بچی جس کی شناخت عدیبہ جان دختر محمد عاقب ساکن راجوری کدل سری نگر کے بطور ہوئی ہے کو مردہ قرار دیا۔
زخمیوں کی پہچان 26سالہ عاقب احمد بٹ ولد محمد شعبان ساکن راجوری کدل سری نگر ، 30سالہ عامر ولد محمد اشرف بابا کدل سری نگر 32سالہ عصمت جان زوجہ عاقب احمد ساکن راجوری کدل اور 7سالہ عفین جان دختر محمد عاقب ساکن راجوری کدل سری نگر کے بطور کی گئی ہے۔
عین شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اس قدر بھیانک تھا کہ تھار گاڑی کے پرکچھے اڑ گئے۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی