سری نگر:منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنا کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے سوپور ، بارہ مولہ اور بڈگام میں گیارہ منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے سلطان پورہ پٹن علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران سجاد رسول ڈار ولد غلام رسول ڈار ساکن پلہالن پٹن کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی گئی جس دوران اس کے قبضے سے 53گرام چرس جیسی نشیلی اشیاءبرآمد ہوئی۔ پولیس نے منشیات فروش کو موقع پر ہی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
موصوف ترجمان کے مطابق اوڑی پولیس نے لاگہامہ شاہراہ پر فاریسٹ ہٹ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران چار افراد جن کی شناخت نوخیز خان آعوان ولد کالو خان ، یاسر احمد خان ولد شکیل احمد ساکنان پرنپلن ، عبدالوحید گنائی ولد عبدالقیوم ساکن تلہ واری اور سبط حسن ولد ابن حسن ساکن قلعہ کرتارپور بجنور اتر پردیش حال اوڑی کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے 70گرام چرس جیسی نشیلی اشیاءبرآمد کی۔
ادھر سوپور پولیس نے ہادی پورہ چوک میں تلاشی کے دوران تین افراد جن کی شناخت فاروق احمد ملہ عرف ہلال ولد عبدالرحیم ساکن ہادی پورہ رفیع آباد، فردوس احمد ڈار ولد محمد سلطان ڈار اور ریاض احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکنان ربن کے بطور ہوئی کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ایک سو گرام چرس ، 44سو نقدی اور تین موبائیل فون برآمد کرکے ضبط کئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ رفیع آباد پولیس نے لائسر کراسنگ کے نزدیک ایک شخص جس کی شناخت معراج الدین میر ولد عبدالخالق میر ساکن عمر کالونی چھجہ ہامہ کے بطور ہوئی کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے پچاس گرام چرس کے ساتھ ساتھ تیرہ ہزار 50سو روپیہ نقدی اور موبائیل فون برآمد ہوا۔
پولیس نے مذکورہ منشیات فروش کو موقع پر ہی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
وسطی ضلع بڈگام میں انٹرنیشنل ائرپورٹ کے نزدیک پولیس نے ماروتی آلٹو زیر نمبر JK04H -8579کو روک کر گاڑی کی تلاشی لی جس دوران آلٹو سے 70گرام چرس جیسی اشیاءاور 58نشہ آور ادویات کے سٹرپس برآمد ہوئے۔
علاوہ ازیں خانصاحب پولیس نے الحدیث مسجد شریف کے نزدیک ایک مشتبہ نوجوان جس کے ہاتھ میں دو بیگ تھے کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی نوجوان نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس ٹیم نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نوجوان کو دھر دبوچا اور اس کے قبضے سے 2کلو گرام چرس گردہ اور 380گرام ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کی ۔
نوجوان کی شناخت خورشید احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن خانصاحب کے بطور ہوئی ہے ، پولیس نے منشیات فروش کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔





