راجستھان کے دارلحکومت جے پور میں کل سے دو دن کی پولیس سربراہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، اس کانفرنس میں ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شامل ہونے اور کانفرنس سے قبل وزیر اعظم ملک کے پولیس سربراہان سے رسمی ملاقات بھی کریں گے۔جے پور میں منعقد ہو رہی اس کانفرنس میں ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے ڈی جی پی اور آئی جی شرکت کریں گے۔یہ بات بھی سامنے آرہی ہے، اس کانفرس کے دوران ملک میں تیزی سے بڑھ رہے جرائم کی روکتھام ،جموں کشمیر اور آسام میں دہشت گردی کے خطرات ،سائبر فراڈ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ملک میں چونکہ عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور کثیر تعداد آبادی والے اس ملک میں صاف و شفاف اور پرامن انتخابات کس طرح کرائے جائیں گے ،اس پر اہم توجہ دی جائے گئی۔
اس بات میں کوئی دو رائے نہیں جہاں ایک طرف ملک مخالف دشمن انتخاب کے دوران گڑھ بڑ ھ پھیلانے کی کوششیں کریں گے ، وہیں دوسری جانب ملک کے اندر ایسے بے شمار لوگ موجود ہیں، جو سیاسی فائدوں کی غرض سے ملک میں افرا تفری کا ماحول پیدا کرنے میں اپنی کامیابی تصور کرتے ہیں۔ملک کی اندرونی سلامتی کے لئے ملک کی پولیس فورس ایک بہترین صلاحیت والی فورس مانی جاتی ہے، جو نہ صرف ملک کی سلامتی کے لئے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں نظم و ضبط سے اپنے فرایض انجام دیتی رہی ہے ، بلکہ ملک کے اندرمختلف جرائم روکنے کے لئے بھی نہایت ہی جان فشانی سے کام کرتی ہے۔جہاں تک سائبر جرائم کا تعلق ہے، یہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ملک کے عوام کو درپیش ہے۔
ملک میں ڈیجیٹل نظام رائج ہونے سے سائبرجرائم خطر ناک رخ اختیار کر چکے ہیں،جس نے نہ صرف سرمایہ داروں کو بیکار بنایا ہے بلکہ اس طرح کے جرائم سے لوگوں کی زندگیاں گُل ہو چکی ہیں۔عام لوگوں کا خیال ہے کہ سائبر جرائم میں نہ صرف ہیکر ملوث ہوتے ہیں بلکہ اس میں چند بینک ملازمین کا بھی ہاتھ ہوتا ہے۔مختلف بینکوں اور پولیس نے اگر چہ ان جرائم کی روکتھام کے لئے سائبر سیلیں قائم کی ہیں۔ تاہم جرائم انجام دینے والے ہیکر ان سائبر سیلز میں کام کررہے افراد سے بھی زیادہ ذہین اور شاطر ہوتے ہیں ،جو صارفین کے کھاتوں سے اس طرح پیسے چراتے ہیں جیسے آنکھوں سے سرمہ۔کل ملا کر یہ کہا جاتا ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی سے بھی خطرناک وباءسائبر جرائم ہیں جن کو کنٹرول کرنے کے لئے ملک کی پولیس ایک اہم رول ادا کرسکتی ہے۔اُمید کی جاسکتی ہے کہ ملک میں ہورہے عام انتخابات احسن طریقے سے منعقد کرانے کے ساتھ ساتھ سائبر جرائم کے مکمل خاتمے کے لئے ملک کی پولیں کو اس کانفرنس کے دوران خصوصی تربیت دینے کے لئے بھی فیصلے ہوں گے، جو انتہائی لازمی ہے اور وقت کی ضرورت بھی۔





