منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

دیرآیَد درست آیَد۔۔۔۔۔

مرکزی وزارت داخلہ نے گزشتہ دنوں جموں کشمیر کی دو علحیدگی پسند سیاسی تنظیموں جموں کشمیر تحریک حُریت اور جموں کشمیر مسلم لیگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں ملک دشمن اور عوام دشمن قرار دیا ہے۔ان دونوں تنظیموں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان کے ذمہ داران پاکستان اور وہاں موجود مختلف ملی ٹینٹ لیڈران کے رابطے میں تھے اور انہیں وہاں سے رقومات بھیجے جاتے تھے ،جن کا وہ غلط استعمال کرکے وادی میں افرا تفری پھیلاتے تھے۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران وادی میں جو تشدد اور خون خرابہ ہوا ہے، اُس کی وجہ سے وادی کا حلیہ ہی بگڑ گیا اور ہزاروں لوگوں کی جان چلی گئی ،تعمیر و ترقی کا کوئی نام و نشان نہیں تھا ،جہاں تک سرکاری املاک اور عمارات کا تعلق ہے ،اس کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ ہزاروں کی تعداد میں سرکاری عمارتیں جلائی گئیں، جن میں زیادہ تر اسکولی عمارتیں شامل تھیں۔دفعہ 370کے خاتمے کے بعد وادی میں حالات نہ صرف بہتر ہوئے ہیں بلکہ علحیدگی پسند سیاسی جماعتوں کا کوئی’ ایڈرس ‘یعنی پتہ نظر نہیں آتا ہے ۔

جہاں تک مندرجہ بالا سیاسی جماعتوں کا تعلق ہے ،وہ صرف نام کی رہ چکی ہیں ۔یہ تنظیمیں جب وادی میں اپنا نیٹ ورک بنا رہی تھیں اور ہر روز وادی کے ہر علاقے میں سمینار ،سمپوزیم اور عوامی جلسے کرتی تھیں ، تب ان سے کوئی پوچھنے والابھی نہیں تھا ،آخر آپ ملک دشمنی کی سرگرمیاںکیوں اور کیسے انجام دیتی رہیں ، برعکس اس کے تمام سرکاری افسران اور سیاستدان ان علحیدگی پسندوں کے رابطے میں ہو تے تھے ۔اس بات سے بھی کسی کو انکار نہیں ہے کہ مرکز میں بی جی پی سرکار نہیں تھی مگر ملک کی پالیسی کا جہاں تک تعلق ہے ،وہ لمبی مدت کے لئے سوچ سمجھ کر بنائی جاتی ہے اوران کو بناتے وقت سیاستدانوں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے تاکہ ملک کی سالمیت کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

بہرحال بی جے پی دوسری باری مرکز میں کھیل چکی ہے اور وہ تیسری باری کی تیاری کر ررہی ہے اور بھاجپا لیڈرشپ کوبھی دس سال بعد یہ بات یاد آگئی کہ جموں کشمیر میں کام کررہی علحیدگی پسند جماعتیں ملک دشمن ہیں اور اُن پر پابندی عائد کرنی چاہئے۔عوامی حلقے اگر چہ مرکزی وزارت داخلہ کے اس اقدام سے خوش ہیں لیکن تین دہائیاںگزر جانے کے بعد مرکز کو اس بات کی ضرورت آخر آج کیوں پڑی؟ جبکہ ان تنظیموں کا کشمیر میں کوئی وجود نظر نہیں آرہا ہے۔ تاہم دانشورں کا قول ہے کہ دیرآیَد درست آیَد۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img