بدھ, جولائی ۹, ۲۰۲۵
26.5 C
Srinagar

سری نگر آتشزدگی: تین بنگلہ دیشی سیاح جاں بحق، 8 کو زندہ بچایا گیا : پولیس

سری نگر: سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں پانچ ہاوس بوٹ اور ایک درجن کے قریب رہائشی ڈھانچے خاکستر ہو گئے جبکہ جائے واردات سے تین بنگلہ دیشی سیاحوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، ٹوریسٹ پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ سیاحوں کو زندہ صحیح سلامت نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ہاوس بوٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مزید ہاوس بوٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس بھیانک واردات میں سفینہ ، سبرینہ ، ینگ گلشن ، لالہ رخ اورکھار پیلس نامی پانچ ہاوس بوٹ اور سات رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوئے۔موصوف ترجمان کے مطابق سفینہ نامی ہاوس بوٹ میں قیام پذیر تین بنگلہ دیشی سیاح جاں بحق ہوئے ہیں۔متوفین کی شناخت آنندیا کوشل ، داس گھپتا اور محمد منید کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ سری نگر پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، ٹوریسٹ پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں نے آٹھ سیاحوں کو وقت رہتے محفوظ جگہ منتقل کیا۔دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img