بدھ, اکتوبر ۱۵, ۲۰۲۵
23.1 C
Srinagar

سری نگر میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ دہشت گرد معاونین کے گھروں پر چھاپے:پولیس

سری نگر: پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے مسلسل کوششوں کے تحت سری نگر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت جاری مقدموں کی تحقیقات کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ مارکارروائیاں ان دہشت گرد معاونین اور اوور گرائونڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے گھروں پر انجام دی گئیں جو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ وابستہ ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائیاں یو اے پی اے کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئیں۔

انہوں نے کہا: ‘ہم آہنگی کے ساتھ کی جانے والی ان تلاشی کارروائیوں کا مقصد ان افراد کو نشانہ بنانا ہے جو دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں سہولت کاری یا مدد فراہم کرنے میں ملوث ہیں’۔ان کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی کارروائیاں 13 افراد کے گھروں پر انجام دی گئیں۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائیاں مکمل قانونی ضابطے کے مطابق مجسٹریٹوں اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں پولیس کے سینئر افسروں کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر شواہد جیسے مجرمانہ مواد کو ضبط کرنا تھا جو جاری تحقیقات کے لئے اہم ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ چھاپے ایک وسیع انٹلی جنس جمع کرنے کی مہم کا ایک حصہ ہیں جس کا مقصد کسی بھی سازش یا دیشت گرد سرگرمی کو پیشگی روکنا اور عوامی امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کن اقدام سری نگر پولیس کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق یا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سری نگر پولیس شہر میں امن، استحکام اور عوامی نظم و ضبط کو بر قرار رکھنے کے لئے پر عزم ہے اور جو کوئی بھی پر تشدد سرگرمیوں کی مدد کرنے میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی کی جائے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img