ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
17.7 C
Srinagar

حضرت شیخ عبد القادر جیلانی (رح) کے عرس کی اختتامی تقریبات تزک و احتشام سے منعقد

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعے کے روز پیرا ن پیر حضرت شیخ سعید عبدالقادر جیلانی (رح) کی سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔اس سلسلے میں خانیار سری نگر میں رات بھر شب خوانی ہوئی جس دوران علمائے کرائم اور ائمہ مساجد نے پیران پیر کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔

یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعے کے روز دستگیر صاحب(رح) کے سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔سب سے بڑی تقریب خانیار سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فرزندان توحید نے شب خوانی کی اور روح پر ور مجالس میں حصہ لیا۔سرائے بالا اور خانیار میں نماز جمعے کے بعد زائرین موئے پاک غوث العظم(رح) کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔

اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مبلغین نے لوگوں کو پیران پیر کی تعلیمات اور طرز حیات کو اپنانے پر زور دیا۔انتظامیہ نے خانیار میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام تر انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل بجلی، پینے کا صاف پانی، ٹرانسپورٹ ، صحت و صفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں بالخصوص خط چناب و پیر پنچالاور خط لداخ کے لہیہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں لووں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img