سری نگر: جموں وکشمیر پولیس کے نو منتخب سربراہ آر آر سیون نے منگل کے روز اپنا عہدہ سنبھالا جس دوران سبکدوش پولیس چیف دلباغ سنگھ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس سربراہ کا منصب سنبھالنے کے بعد آر آر سیون نے سینئر آفیسران کے ساتھ جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ نو منتخب پولیس سربراہ کو سیکورٹی منظر نامے کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس چیف کو بتایا گیا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولیت کاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حالیہ ملی ٹینٹ حملوں کے تناظرمیں سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل سے گفت وشنید ہوئی۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران نو منتخب پولیس چیف کو آفیسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ ملی ٹینٹ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پولیس کے ساتھ ساتھ سراغ رساں ایجنسیوں کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔
یواین آئی