نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے تلنگانہ میں سمکا سرکا سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کے لیے سنٹرل یونیورسٹیز ایکٹ 2009 میں ترمیم کی تجویز کو منظوری دے دی ہے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی اس سے سمکا سرکا سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی۔ اس یونیورسٹی کے لیے 889 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
میٹنگ کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ مسٹر مودی نے حال ہی میں اپنے دورہ تلنگانہ کے دوران اس کا اعلان کیا تھا۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لیے ایک ایک سنٹرل یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا۔ مودی حکومت نے تلنگانہ میں اس وعدے کو پورا کیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کے کشن ریڈی نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے ۔
یو این آئی