ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
8.8 C
Srinagar

لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل – کرگل کے انتخابات کے لئے ووٹنگ جاری

سری نگر:لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل – کرگل کے انتخابات کے لئے ووٹنگ آج یعنی بدھ کو ٹھیک صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی جو بحسن و خوبی جاری ہے۔
بتادیں کہ 9 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے بعد یہ کرگل میں ہونے والے پہلے انتخابات ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ رائے دہندگان کو صبح سے ہی اپنے اپنے پولنگ بوتھوں پر قطاروں میں کھڑے دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ رائے دہندگان اور خواتین بھی ایک ایک کرکے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے تھے۔

ان کونسل انتخابات میں کل 85 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 22 کانگریس، 17 نینشل کانفرنس، 17 بی جے پی اور 4 عام آدمی پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ 24 آزاد امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق زائد از 95 ہزار رائے دہندگان جن میں سے 46 ہزار 7 سو 62 خواتین ہیں، بدھ کو ہونے والے انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کی جائے گی جن کا کونسل انتخابات میں پہلی بار استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے لئے ضلع کرگل میں 278 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق انتخابات کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں و دیگر سامان کو پہلے ہی اپنے اپنے علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔

دریں اثنا انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ضلع میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے اور پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار مختلف انتخابی حلقوں میں گشت کر رہے ہیں۔

یونین ٹریٹری کے ایک اعلیٰ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ کرگل میں سیکورٹی کا کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے۔

کونسل انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو کی جائے گی جبکہ 11 اکتوبر سے قبل ہی نیا کونسل تشکیل دیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ کرگل میں پہاڑی کونسل جولائی 2003 میں معرض وجود میں لایا گیا۔

30 کونسلروں پر مشتمل ٹیم میں 26 کونسلر اپنے اپنے حلقوں سے منتخب ہوتے ہیں جبکہ باقی چار کونسلر اقلیتی اور خواتین کے منتخب کئے جاتے ہیں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img