سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے قاضی پورہ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں 3 دکان خاکستر ہوگئے جبکہ ایک فائر مین زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے قاضی پورہ علاقے میں دوران شب ایک دکان لائن میں آگ نمودار ہوگئی جس کے شعلوں نے 3 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فائر فائٹرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کو قابو میں کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں محمد یوسف جان ولد محمد سرور جان کے تین دکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس دوران امین رسول نامی ایک فائر مین معمولی زخمی ہوگیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
یو این آئی