بارہ مولہ :سرگرم ملی ٹینٹ اور پانچ ملی ٹینٹ معاونین جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں کو حراست میں لیا گیا : ایس ایس پی

بارہ مولہ :سرگرم ملی ٹینٹ اور پانچ ملی ٹینٹ معاونین جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں کو حراست میں لیا گیا : ایس ایس پی

سری نگر:شمالی کشمیر کے بارہ مولہ میں سیکورٹی فورسزنے لشکر طیبہ کے سرگرم ملی ٹینٹ ، پانچ ملی ٹینٹ معاونین جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ایس ایس پی نے کہاکہ گرفتار شدگان کو سرگرم ملی ٹینٹوں تک ہتھیار و گولہ بارود فراہم کرنے کا کام سونپا گیا تھا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردی کا یہ نیٹ ورک پونچھ تک پھیلا ہوا ہے اور اس نیٹ ورک میں ملوث مزید افراد کی شناخت کے لئے بھی کام شروع کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی بارہ مولہ آمود ناگپوری نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بارہ مولہ پولیس نے اسلحہ وگولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے والے ملی ٹینٹ گروہ کا پردہ فاش کرکے ایک سرگرم ملی ٹینٹ اور پانچ مدد گاروں جن میں دو خواتین اور ایک کمسن بھی شامل ہیں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بڑے نیٹ ورک کا اس وقت پتہ چلا ہے جب بارہ مولہ پولیس نے گزشتہ دنوں اوڑی میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی ۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ 21ستمبر 2023کو اطلاع موصول ہوئی کہ یاسین احمد شاہ ولد طاریق احمد ساکن جانباز پورہ بارہ مولہ نے لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) میں شمولیت اختیار کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ایس ایس پی کے مطابق بارہ مولہ پولیس نے22ستمبر کو مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ٹاپر پٹن کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوان کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ایک پستول ، ایک پستول میگزین اور آٹھ گولیوں کے راونڈ برآمد کئے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار جنگجو کی نشاندہی پر پولیس نے اس کے ساتھی پرویز احمد شاہ ساکن تکیہ واگورہ کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کی گرفتاری عمل میں لائی اور اس کی نشاندہی پر دو ہینڈ گرینیڈبرآمد کئے گئے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ 23ستمبر کو جانباز پورہ بارہ مولہ میں چھاپہ ماری کے دووران ایک پستول ، ایک پستول میگزین اور آٹھ گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملی ٹینٹ اپنے ساتھیوں جن کی شناخت نگینہ زوجہ منظور احمد لون ساکن وجپارہ حاجن اور آفرین عرف آیت دختر گلزار احمد گنائی ساکن پتی پورہ شالہ ٹینگ سری نگر کے بطور کی ہے کے بارے میں آگاہی فراہم کی اور ان کی نشاندہی پر مزید دو گرینیڈ برآمد کئے گئے۔
ایس ایس پی کے مطابق 25ستمبر کو یاسین شاہ اور پرویز احمد نے مزید تفتیش کے دوران مدثر احمد راتھر ولد غلام محی الدین راتھر ساکن تکیہ واگورہ اور شوکت احمد ملک ولد حبیب اللہ ملک ساکن واگلہ واگورہ کے نام ظاہر کئے۔ اور ان کی نشاندہی پر ایک چینی گرینیڈ، ایک پستول ، ایک پستول میگزین اور آٹھ گولیوں کے راونڈ ضبط کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ سرگرم ملی ٹینٹ اور اس کے پانچ ساتھی پاکستانی ہینڈرلز کی ہدایت پر کام کر رہے تھے اور مقامی نوجوانوں کو دہشت گرد صفوں میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع بارہ مولہ میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے کی خاطر منصوبہ بندی کر رہے تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ گرفتار شدگان کے خلاف یو اے پی اے ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ دہشت گرد تنظیموں میں خواتین اور کمسنوں کی شمولیت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے نیا چیلنج ابھر کر سامنے آیا ہے کے جواب میں ایس ایس پی نے کہاکہ ماضی میں بھی دہشت گردی سے تعلق رکھنے کے الزام میں خواتین اور نابالغوں کو حراست میں لیا گیا ہے.انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں ہم نے دیکھا ہے کہ کشمیر سے پونچھ تک ہتھیاروں کی سپلائی کا ریکٹ چل رہا تھا۔انہوں نے کہاکہ اسلحہ وگولہ بارود کی سپلائی کے لئے استعمال ہونے والے روابط اور راستوں کا سراغ لگانے کی خاطر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.