ہفتہ, دسمبر ۱۳, ۲۰۲۵
9.4 C
Srinagar

چندریان 3 کے روور کی چاند پر اترنے کی پہلی ویڈیو جاری

بھارتی خلائی مشن چندریان 3 کی چاند پر لینڈنگ کے بعد پہلی تصویر اور روور کے لینڈر سے نیچے اترنے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔

بھارتی خلائی ایجنسی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی جانب سے روور کے لینڈر سے نیچے اترنے کی پہلی ویڈیو سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈر سے روور چاند کی سطح پر اترتا ہے اور اپنا سفر شروع کرتا ہے۔

اس کے علاوہ اسرو کی جانب سے خلائی جہاز کے چاند پر لینڈ کرنے سے چند منٹ قبل کی بھی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خلائی جہاز جب چاند کے قریب آرہا ہے تو چاند کی سطح پر بنے گڑھے بڑے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس سے قبل چندریان 3 کی پہلی بار چاند پر لینڈنگ کے بعد چاند سطح کی پہلی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں۔چھ پہیوں پر مشتمل شمسی توانائی سے چلنے والا روور نسبتاً بغیر نقشے والے علاقے کے گرد چکر لگائے گا اور 2 ہفتوں تک تصاویر اور سائنسی ڈیٹا منتقل کرے گا۔

23 اگست کو بھارت کا تاریخی خلائی مشن چندریان-3 چاند پر کامیابی کے ساتھ لینڈ کرگیا تھا جس کے بعد بھارت چاند پر اپنا خلائی مشن بھیجنے والے دنیا کے چند ممالک میں شامل ہوگیا۔

اس کے علاوہ بھارت چندریان 3 کی کامیابی کے ساتھ چاند کے تاریکی حصے پر لینڈ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔بھارتی خلائی مشن کا آغاز 14 جولائی کو جنوبی ریاست آندھراپردیش میں بھارتی اسپیس ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز سے ہوا تھا۔

چندریان لفظ کا مطلب سنسکرت زبان میں ’مون کرافٹ‘ ہے۔سائنسدانوں کا خیال ہےکہ چاند کے قطب جنوب میں کافی مقدار میں پانی موجود ہے، جس کا مطلب ہے کہ مستقبل میں انسان اسے استعمال کر سکتا ہے،

ان کا خیال ہے کہ اس پانی سے آکسیجن اور ہائیڈروجن حاصل کی جاسکتی ہے جس سے وہاں زندہ رہنے اور راکٹ یا خلائی جہاز کے لیے فیول حاصل کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چاند کے حوالے سے اہم حقائق اور انکشاف سامنے آئیں گے جو سائنسی دنیا کے لیے نہایت اہم ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img