77ویں یوم آزادی کی تقریب کے موقعے پر ملک کی راجدھانی دلی کے لال قعلہ سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرا مودی نے کہا ہم منی پور کے عوام کے ساتھ ہیں اور لوگوں کو چاہیئے کہ وہ امن،بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کی مثال قائم رکھیں جوواقعی اس ملک کا گہوارہ ہے۔انگریزوں سے غلامی کا طوق اُتار پھینکنے کے بعد ملک کے جانباز مجاہدین آزادی نے اپنے وطن کی آنے والی نسلوں کے لئے یہ خواب دیکھے تھے کہ ملکی عوام کو ہر قسم کی ترقی یکساں بنیادوں پر نصیب ہو۔ملک رشوت ستانی ،زات پات،رنگ و نسل اور مذہبی منافرت سے پاک بنے۔بدقسمتی سے کہنا پڑ رہاہے کہ اس ملک کے چند ایک سیاستدانوں نے اپنے زاتی مفادات کی خاطر نہ صرف ملک کے عوام کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کیا بلکہ عام آدمی کی پروہ نہ کرتے ہوئے لوٹ کھسوٹ ،رشوت ستانی،کنبہ پروری اور مذہبی شدت پسندی کو پروان چڑھایا،اس طرح یکساں ترقی پر کاری ضرب لگا دی۔اثر و رسوخ کی بنیاد پر ایسے سیاستدان معرض وجود میں آگئے ،جو وطن پرستی اور عوام دوستی سے نابلد اور بے خبر تھے ۔مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام والے علاقوں میں خاندانی راج قائم ہوئے جس سے بہت سارے لوگ ملک کے آئین و دستور سے بد ظن ہو گئے۔جموں کشمیر ،آسام ،پنجاب اور دیگر شمالی مشرقی ریاستوں کے نوجوان سیاستدانوں کے غلط اقدامات اور طریقہ کار سے ناراض ہونے لگے جنہیں ہمسایہ ممالک نے بہ آسانی اپنی گرفت میں کیا، اسطرح اس ملک کی بنیاد کھوکھلی کرنے کی ٹھان لی ہے۔جموں کشمیر ،آسام،پنجاب اور تامل ناڈو جیسی اہم اور امن پسند ریاستوں میں ملی ٹنسی شروع ہوئی اس طرح ملک کو کمزور کرنے کی درپردہ کوششیں کی گئیں۔ملک کے پالیسی سازو ں،وطن پرست سیاستدانوں ،حفاظتی اداروں، صحافیوں اور دانشورں کی محنت اور لگن سے ان ریاستوں میں امن قائم ہوا اور تعمیر و ترقی کی بہاریں واپس لوٹ آئیں، اس طرح دشمن کے منصوبے ناکام ہو گئے۔جموں کشمیر جہاں لوگ تشدد اور ظلم و جبر کی دو پاٹوں میں پس رہے تھے پھر ایک بار عام لوگوں کے مایوس چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں نظر آنے لگے۔
سیاحتی شعبے میں ایک نئی جان آگئی ۔بقول لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں رواں برس ۹۵فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو واقعی ایک بہت بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے۔اب چونکہ دشمن اس تاک میں رہتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح ملک میں افراتفری پھیلائی جائے تاکہ اس ملک کی شرح ترقی رفتار کمزور ہو سکے،چند ما ہ پہلے پنجاب میں خالصتان فورس کے نام پر پھر ایک بار افرا تفری پھیلانی کی کوشش کی گئی جو بروقت ناکام بنا دی گئی۔اب چونکہ منی پور اور دہلی کے گرد و نواح کے چند علاقوں میں مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔وزیراعظم شری نریندرا مودی نے یوم آزادی کی تقریب پر منی پور کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے ملک کے عوام کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کو یہ باور کیا ہے کہ اس ملک میں رہنے والے سب لوگ قوم پرست اور وطن پرست ہیں لہذا مذہب ،زات پات یا رنگ و نسل کی بنیاد پر انہیں کوئی تقسیم نہیں کر سکتا ہے جو ایک اچھی بات ہے جس پر اُن لوگوں کو غور کرنا چاہئے جو مذہبی چولا پہن کر ملک میں فسادات کرتے ہیں اور ملک دشمن عناصر کی مدد کرتے ہیں۔