جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں ملازم کے خلاف چارج شیٹ دائر: کرائم برانچ کشمیر

جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں ملازم کے خلاف چارج شیٹ دائر: کرائم برانچ کشمیر

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) نے رائل سپرنگس گالف کورس سری نگر میں نوکری کے حصول کے لئے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔
سی بی کے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘ایف آئی آر زیر نمبر 57/2022 میں محمد صدیق قاضی ولد غلام محی الدین قاضی ساکن برین نشاط کے خلاف آر پی سی کے دفعات 420 /461 اور 471 کے تحت قابل سزا جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں سری نگر کی ایک عدالت میں چارج شیٹ دائر کی گئی’۔
بیان میں کہا گیا: ‘اس مقدمے کے مختصر حقائق یہ ہیں کہ کرائم برانچ کشمیر کو رائل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) سری نگر کے کچھ ملازموں کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم محمد صدیق قاضی جو آر ایس جی سی سری نگر میں بارمین کی حیثیت سے کام کر رہا ہے، کی اصلی عمر 67 برس ہے اور وہ محکمے میں ابھی بھی کام کر رہا ہے’۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں سال 2022 میں پولیس اسٹیشن کرائم برانچ کشمیر میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا: ‘تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم نے محکمے میں تقرری کے وقت جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کی تھی جس کے نتیجے میں وہ غیر قانونی طور پر سبکدوشی کی اصلی عمر کی معیاد پوری ہونے کے باوجود بھی ملازمت کر رہا تھا’۔
بیان میں کہا گیا کہ اس لئے عدالتی فیصلے کے لئے مجاز دائرہ اختیار کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.