کنگن میں بادل پھٹنے سے کئی رہائشی ڈھانچوں، پرائمری اسکول اور مسجد کو نقصان پہنچا

کنگن میں بادل پھٹنے سے کئی رہائشی ڈھانچوں، پرائمری اسکول اور مسجد کو نقصان پہنچا

سری نگر،29جولائی:وسطی ضلع گاندربل کے پرنگ کنگن علاقے میں ہفتے کی صبح بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں چند رہائشی مکانوں اور مسجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پرنگ کے گجر پتی علاقے میں ہفتے کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب بادل پھٹنے کی وجہ سے اچانک ندی نالوں میں طغیانی آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے گاوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیلابی پانی سے رہائشی مکانوں اور مسجد شریف کو جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ، سیول انتظامیہ اور مقامی رضاکار تنظیمیں فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نصف درجن کے قریب کنبوں کو محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سڑکوں پر موجود ملبے کو ہٹانے کی خاطر مشینوں کو کا م پر لگا دیا گیا ہے ۔
ان کے مطابق بادل پھٹنے کی وجہ سے کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں پچھلے ایک ماہ سے بادل پھٹنے کے متعدد واقعات رونما ہو ئے ہیں ۔
محکمہ موسمیات نے جمعے کے روز ہی پیشین گوئی کی کہ وادی کشمیر میں اگلے تین روز تک بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے ، مٹی کے تودے گرنے کا امکان ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.