محرم الحرام کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

محرم الحرام کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات
سری نگر،27جولائی:محرم الحرام کے پیش نظر سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق 8 ,9 اور 10محرم الحرام کے پیش نظر سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز سری نگر میں 35برسوں کے بعد 8محرم الحرام کے جلوس کو نکالنے کی اجازت دی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سری نگر کے ساتھ ساتھ وادی کے باقی اضلاع میں بھی محرم الحرام کے سلسلے میں جلوس نکالے جارہے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی کو بھی مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیعہ آبادی والے علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ عزادارو ں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سری نگر میں 8محرم کے جلوس کو نکالنے کی اجازت دی گئی اور اب دس محرم الحرام کے جلوس جو کہ آبی گزر سے ہو کر زڈی بل میں اختتام کو پہنچتا تھا کو نکالنے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں اس بارے میں ابھی تک انتظامیہ نے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔
شیعہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ جس طرح سے 8 محرم الحرام کے جلوس کو نکالنے کی اجازت دی گئی اسی طرح 10محرم کے جلوس کو بھی نکالنے کی اجازت دی جائے گی اور ہمیں ایل جی انتظامیہ پر بھروسہ ہے کہ وہ لوگوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی فیصلہ لے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.