نئی دہلی، 13 جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح فرانس اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لئے روانہ ہو گئے۔
مسٹرمودی پالم ایئر فورس بیس سے ایک خصوصی پرواز میں پیرس کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ بحیثیت مہمان خصوصی فرانس کے قومی دن باسٹیل ڈے پریڈ میں شرکت کریں گے۔ وہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12.30 بجے پیرس پہنچیں گے۔
دورے پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کا دورہ فرانس فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں کی دعوت پر ہو رہا ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ اُن کا یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ کَل پیرس میں فرانس کے قومی دن باسٹیل ڈے تقریبات میں اعزازی مہمان کے طور پر صدر ایمانویل میکخواں کے ساتھ شرکت کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اِس پریڈ میں ہندوستان کی تینوں افواج کا ایک دستہ بھی حصہ لے گا جبکہ ہندوستانی فضائیہ کے ہوائی جہاز اِس موقعے پر فلائی پاسٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو 25 سال مکمل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گہرے اعتماد اور عہد کے تناظر میں دونوں ملک مختلف شعبوں میں قریبی اشتراک کررہے ہیں، جن میں دفاع، خلائ، سِول نیوکلیائی، بحری معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم ، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطے شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملک علاقائی اور عالمی اُمور پر بھی مل کر کام کررہے ہیں۔
مسٹر مودی آج شام فرانس کی وزیراعظم الزبتھ بورن اور فرانس کی سینیٹ کے صدر گیرالڈ لارچر سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم ہندوستانی برادری کے لوگوں سے بھی ملیں گے۔ اِس کے بعد فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں وزیراعظم کے اعزاز میں ایلیسی پیلس میں ایک پرائیویٹ ضیافت کا اہتمام کریں گے۔
مسٹرمودی کَل فرانس کے صدر کے ساتھ بات چیت کریں گے، جس میں دونوں ملکوں کے وفود بھی شریک ہوں گے۔ اپنے اِس دورے میں وزیراعظم ہندوستان اور فرانس کی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسروں، اور فرانس کی سرکردہ شخصیات کے ساتھ بھی گفتگو کریں گے۔ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔
اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیراعظم نریندر مودی ہفتے کے روز ابوظہبی جائیں گے۔ وہ امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمراں شیخ محمد بن زائد النہیان کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
یواین آئی