بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

مودی نے وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی

بھوپال، 27 جون : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دارالحکومت بھوپال کے رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن سے مدھیہ پردیش کو دو نئی وندے بھارت ٹرینوں سمیت ملک کو پانچ نئی وندے بھارت ٹرینوں کی سوغات دی۔

وزیر اعظم نے درالحکومت بھوپال سے اندور کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ مسٹر مودی نے اس سے پہلے ٹرین کا معائنہ بھی کیا۔ وہ کچھ دیر ٹرین کے اندر بھی گئے۔ انہوں نے رانی کملا پتی اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہونے والے اسکولی بچوں سے ملاقات کی اور وندے بھارت ٹرین کے لیے بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعظم کو تقریباً 10 منٹ تک بچوں سے بات کرتے اور ان کی رہنمائی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

سرکاری معلومات کے مطابق، یہ وندے بھارت ایکسپریس بھوپال (رانی کملاپتی) – اندور، بھوپال (رانی کملا پتی) – جبل پور، رانچی – پٹنہ، دھارواڑ – بنگلورو اور گوا (مڈگاؤں) – ممبئی کے درمیان چلیں گی۔ گوا، بہار اور جھارکھنڈ کو پہلی بار وندے بھارت ٹرین کنیکٹویٹی حاصل ہوگی۔

اس سے پہلے وزیر اعظم آج صبح تقریباً 10 بجے فضائیہ کے خصوصی طیارے سے دارالحکومت بھوپال کے راجہ بھوج ہوائی اڈے پر پہنچے۔ مسٹر مودی کو ہوائی اڈے سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے برکت اللہ یونیورسٹی کیمپس میں قائم ہیلی پیڈ تک پہنچنا تھا اور وہاں سے انہیں سڑک کے ذریعے قریبی رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن لے جانے کا پروگرام تھا۔ لیکن بارش کی وجہ سے مسٹر مودی کو ہیلی کاپٹر سے جانے کے بجائے سڑک کے ذریعے رانی کملا پتی اسٹیشن لے جایا گیا۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img